بلاگ کے عنوان سے ہی آپ نے اندازہ لگا لیا ہوگا کہ آج ہم کس موضوع پر بات کرنے والے ہیں۔ تمام وقت سنجیدہ رہنا اور اچھی اچھی باتیں کرنا اور پڑھنا بھی صحت کے لیے کچھ اچھا نہیں ہوتا، اس لیے میں نے سوچا کہ آج خود بھی ہنسا جائے اور دوسروں کو بھی اس میں شریک کیا جائے۔
یہ سوچ میرے ذہن میں اس وقت پیدا ہوئی جب میری نظر گھر میں پڑی کتاب" محبت کے چالیس اصول" پر پڑی جس میں شاہ شمس نے محبت کے 40 اصولوں پر بات کی ہے۔ تو اسی وقت میرے ذہن میں خیال آیا کہ میں بھی آج کچھ لکھوں گا، مگر کیا؟ وہ تو محبت والے لوگ تھے اور اسی کے بارے میں لکھ گئے۔ پھر میں نے خود سے پوچھا کہ "ہم کون لوگ ہیں؟" تو اندر سے جواب آیا کہ زین "ہم غریب لوگ ہیں!"
ایک غریب دوسرے غریب کو نہیں پہچانے گا تو پھر کون پہچانے گا؟ ایک غریب سے بڑھ کر دوسرے غریب کو کون جان سکتا ہے؟تو پھر میں نے غریب کی غربت کو لکھنے کا فیصلہ مناسب سمجھا۔ یہاں آج ہم ذہنی غریبوں پر بات کریں گے۔ اور ان کی کچھ نشانیاں دیکھیں گے۔ ذہنی غریب وہ ہوتا ہے جس کی غربت اس کی جسمانی قوت سے زیادہ اس کے دماغ کی ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کر دیتی ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ جب بھی کار میں بیٹھے گا، سب سے پہلے تصویر یا ویڈیو بنائے گا کیونکہ اس نے لوگوں کو ثبوت بھی تو دینا ہوتا ہے کہ آج وہ کار میں بیٹھا تھا۔ ایسا کرنا اس کی مجبوری میں ہوتی ہے کیونکہ غربت کی شدت اس قدر زیادہ ہوتی ہے کہ اگر وہ خدا کی قسم بھی کھائے تو کوئی اس کا یقین نہ کرے گا۔ 1
غریب کو موبائل فون ہاتھ میں پکڑنے کا بڑا شوق ہوتا ہے، چاہے اس کے پاس سستا سا، چائنہ کا ہی کوئی فون کیوں نہ ہو اسے ایسا لگتا ہے کہ سب لوگ اسی کو دیکھ رہے ہیں اور وہ بہت ہی امیر اور ماڈرن لگ رہا ہے۔ 2
غریب کو کسی کی کار کے ساتھ تصویر لینے کا بہت شوق ہوتا ہے۔ اسے ایسا لگتا ہے کہ ساری دنیا بیوقوف ہے اور وہ یہ سمجھیں گے کہ شاید اس نے کار خرید لی ہے اور بہت امیر ہو گیا ہے، جبکہ بیچارے کی شکل، چیخ چیخ کر اس کی غربت کی گواہی دے رہی ہوتی ہے، کیونکہ غریبوں کی ایک خاص شکل ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ ہر جگہ پہچان لیے جاتے ہیں۔ اور ویسے بھی ہر کسی کو پتہ ہوتا ہے کہ اس کی حیثیت تو قسطوں پر موٹر سائیکل لینے کی بھی نہیں ہے۔ 3
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اسے سوشل میڈیا کے ٹرینڈزپر بحث کرنے کا بڑا شوق ہوتا ہے کہ آج اس نے یہ کیا، پھر دوسرے نے یہ جواب دیا۔ مجھے وہ بہت پسند ہے اور اس طرح کی اور بہت سی باتیں۔ 4
غریب کو سٹیٹس کے ذریعے اپنی نئی چیزیں دکھانے کا بڑا شوق ہوتا ہے، چاہے وہ کپڑے ہوں یا کوئی بھی معمولی سے معمولی سی چیز ہو۔ کوئی بھی چھوٹا سا امتحان پاس کر لیں تو اس کے رزلٹ کارڈ کے نیچے "الحمدللہ" ، لکھ کر سٹیٹس لگانا تو اسے پسند ہوتا ہے کہ جیسے اب ساری دنیا فتح کرنا اس کا مقدر بن چکا ہے۔5
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ جمعے والے دن اسلامی سٹیٹس ضرور لگاتا ہے۔ ان کو ایسا لگتا ہے کہ ایسا کرنا ان کو دوسروں کی نظر میں ایک مذہبی شخصیت بنا دے گا۔6
غریب کو"گوئینگ تو لاہور " یا کسی اور شہر کا نام لکھ کر جہاں وہ جا رہا ہو، کا سٹیٹس لگانے کا بہت شوق ہوتا ہے، جیسے کہ ہر کوئی اس میں دلچسپی رکھتا ہو کہ وہ کیا کر رہا ہے۔7
سب سے بڑے غریب کی یہ نشانی ہے کہ وہ اپنی سالگرہ کا سٹیٹس ضرور لگاتا ہے اور پھر دوسرے اس سے بھی بڑے غریب اسے' ویش 'کرتے ہیں۔ اور پھر وہ ہر ایک غریب کا سٹیٹس لگاتا ہے۔ اس طرح سب غریب یہ دیکھ کر خوش ہوتے رہتے ہیں۔ 8
غریب کو خود کو مذہبی دکھانے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔ جب بھی کوئی بات ہو رہی ہوگی، اس میں مذہب کو لے آئے گا اور کہے گا کہ "زماں خراب ہو رہا ہے، عذاب آنے والا ہے، قیامت آنے والی ہے"۔ اور خود کا حال یہ ہوتا ہے کہ نماز، جو ہم دن میں پانچ دفعہ پڑھتے ہیں، اس کا ترجمہ بھی نہیں آتا ہوتا اور آگے والے ہر کسی کو جہنمی سمجھے گا۔9
تھوڑے سے پڑھے لکھے غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ اسے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔10
غریب کے ذہن میں اس کی وہ تقریر ہر وقت موجود ہوتی ہے جو اس نے کامیاب ہونے کے بعد کرنی ہوتی ہے۔ اور ہر وقت سوچتا رہتا ہے کہ جس دن کامیاب ہو گیا، اس دن اپنے سارے غربت کے حالات و واقعات لوگوں کو سنائے گا۔ اس کی تقریر کا تو پتہ نہیں، لیکن اس کے جنازے کا اعلان اور وہ تقریر جو مولوی صاحب اس کی میت کو سامنے رکھ کر کرتے ہیں کے اگر کسی نے اس سے پیسے لینے ہیں تو اس کے گھر والے موجود ہیں، وہ سب سن لیتے ہیں۔11
غریب کو ائی فون لینے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔ پی ٹی اے سے منظور شدہ لینے کی حیثیت نہیں ہوتی پھر نون پی ٹی اے سیکنڈ ہینڈ لے لیتا ہے۔ ایک تو غریب اوپر سے بتمیز۔12
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اسے گفتگو کے دوران انگلش کے لفظ بولنے کا بہت شوق ہوتا ہے کہ لوگ اسے پڑھا لکھا سمجھیں۔13
غریب اپنی خود کی تصاویر دیکھ کر بہت خوش ہوتا رہتا ہے۔ بعض اوقات خوشی میں اتنا پاگل ہو جاتا ہے کہ دوسروں کو بھی دکھانا شروع کر دیتا ہے تاکہ وہ بھی اس کی تصویر کی تعریف کریں۔14
15غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ اسے کسی دوسرے ملک جانے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔
غریب کو اپنی ویڈیوز بنانے کا بڑا شوق ہوتا ہے، مگر افسوس اس کے پاس بہت ہی سستا فون ہوتا ہے۔16
17غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اسے کسی اچھے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے اور تصاویر بنانے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ" وہ پی ڈی ایف" والی کتابیں بہت پڑھتا ہے، کیونکہ ویسے اس کے پاس پیسے نہیں ہوتے کتاب خریدنے کے۔18
غریب کو" اے سی" والے کمرے میں بیٹھنے کا بڑا شوق ہوتا ہے، مگر تھوڑی دیر بعد اسے ٹھنڈ/سردی لگنا شروع ہو جاتی ہے۔19
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ اس کے پاس" کاروباری خیالات" بہت ہوتے ہیں اور ہر وقت کاروبار کی باتیں کرتا رہتا ہے۔20
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اسے تعلق بنانے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔21
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اس کے پاس صرف "جاز سے جاز" کال پیکج ہی ہوتا ہے۔22
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کو دیکھ کرمتاثر بہت ہوتا ہے۔23
غریب اگر نوکری والا ہو تو اس کا دل ہر وقت نوکری چھوڑنے کو کرتا رہتا ہے۔
غریب اگر کاروباری ہو تو وہ ہر وقت کاروبار میں نقصان کی ہی بات کرتا رہتا ہے—"کاروبار تباہ ہو گیا، آج تو کچھ کمایا ہی نہیں!"
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ اسے سرکاری نوکری کا بڑا شوق ہوتا ہے، اور اس کے گھر والوں کو اس سے بھی زیادہ۔
غریب کو ہر بات پر ٹریٹ (Treat) مانگنے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔
غریب کو پیزا کھانے کا بڑا شوق ہوتا ہے، مگر اس کی غربت اسے زیادہ تر انڈے والے برگر ہی کھلاتی ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اسے سچا پیار بہت ہوتا ہے۔
ہر سنیپ چیٹ استعمال کرنے والا غریب نہیں ہوتا، مگر ہر غریب "سنیپ چیٹ کا یوزر" ضرور سوار ہوتا ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اس کی گھر میں ذرا بھی عزت نہیں ہوتی۔
غریبوں کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ اپنے ماموؤں، لوگوں کی بہت تعریف کرتے ہیں اور ان کو بہت اچھا جانتے ہیں۔
غریب کو شاپنگ مال جانے کا بڑا شوق ہوتا ہے، مگر کوئی معمولی سے چیز خریدنے کے بھی پیسے نہیں ہوتے، اس لیے صرف سنیپس بنا کر ہی گزارا کرنا پڑتا ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ اس نے کوئی نہ کوئی کمپیوٹر کورس ضرور کیا ہوتا ہے۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ ہر دوسرے دن اس کا (ایم ان لائف) تبدیل ہوتا ہے۔ جب بھی کسی کامیاب شخص کو دیکھتا ہے، دل میں اس کے جیسا بننے کے بارے میں سوچتا رہتا ہے۔
بندہ غریب ہو اور اسے"بیگی پینٹ" لینے کا شوق نہ ہو، یہ ہو ہی نہیں سکتا!
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ جذباتی بہت ہوتا ہے—چاہے مذہب کا معاملہ ہو یا تعلیم کا یا پھر دوستی کا، دماغ کبھی استعمال نہیں کرے گا۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ ہمیشہ اس پروگرام میں داخلہ لیتا ہے جس کا آگے چل کر کوئی سکوپ نہیں ہوتا۔
غریب کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ ہر وقت یہ خیال کرتا ہے کہ ہر کوئی اس کے بارے میں سوچ رہا ہے اور اس کے بارے میں ہی بات کر رہا ہے۔
سب سے بڑے غریب کی نشانی یہ ہے کہ وہ اس وقت بیٹھا میرا بلاگ پڑھ رہا ہے!
اگر میرا بلاگ پڑھتے ہوئے آپ کو اس میں اپنا عکس دکھائی دیا ہے تو میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آپ کی غربت کو سلام پیش کرتا ہوں! اور اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی غربت ان 40 اصولوں سے زیادہ ہے، تو آپ مجھے کمنٹ (Comment) میں بتا سکتے ہیں۔

0 Comments